9 نومبر 2025 - 10:10
مآخذ: ابنا
شامی عبوری حکومت کے سربراہ احمد الشرع ٹرمپ سے ملاقات کے لیے امریکہ پہنچ گئے

شامی عبوری حکومت کے سربراہ احمد الشرع سنیچر کے روز ایک تاریخی سرکاری دورے پر امریکہ پہنچے۔ شام کی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اس بات کی جانکاری دی۔ یہ دورہ واشنگٹن کی جانب سے انہیں دہشت گردی کی بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے ایک دن بعد ہو رہا ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، شامی عبوری حکومت کے سربراہ احمد الشرع سنیچر کے روز ایک تاریخی سرکاری دورے پر امریکہ پہنچے۔ شام کی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اس بات کی جانکاری دی۔ یہ دورہ واشنگٹن کی جانب سے انہیں دہشت گردی کی بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے ایک دن بعد ہو رہا ہے۔

الشرع، جن کی باغی افواج نے گذشتہ سال کے آخر میں سابق حکمران بشار الاسد کو معزول کر دیا تھا، پیر کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، سنہ 1946 میں ملک کی آزادی کے بعد کسی شامی صدر کا یہ پہلا امریکی دورہ ہے۔ عبوری رہنما نے مئی میں امریکی صدر کے علاقائی دورے کے دوران ریاض میں ٹرمپ سے پہلی ملاقات کی تھی۔

شام کے لیے امریکی ایلچی ٹام بیرک نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ الشرع اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے خلاف امریکی زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہونے کے لیے متوقع طور پر ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔ شام میں ایک سفارتی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکہ 'انسانی امداد کو مربوط کرنے اور شام اور اسرائیل کے درمیان پیش رفت کا مشاہدہ کرنے کے لیے' دمشق کے قریب ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے شامی صدر الشرع کو واشنگٹن دورے سے قبل بلیک لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا کہ الشرع کی حکومت امریکی مطالبات کو پورا کر رہی ہے، جس میں لاپتہ امریکیوں کی تلاش کے لیے کام کرنا اور باقی ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کو ختم کرنا شامل ہے۔

پگوٹ نے کہا کہ "یہ (پابندیاں ختم کرنے سے متعلق) اقدامات بشار الاسد کی رخصتی اور اسد حکومت کے 50 سال سے زائد جبر کے بعد شامی قیادت کی طرف سے پیش رفت کا مظاہرہ کرنے کے اعتراف میں کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کی ممنوعہ فہرست سے ہٹائے جانے سے "علاقائی سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ ایک جامع، شامی قیادت اور شام کی ملکیت والے سیاسی عمل کو فروغ ملے گا۔

الشرع کا واشنگٹن کا دورہ ستمبر میں اقوام متحدہ کے ان کے تاریخی دورے کے بعد ہوا ہے۔ وہ کئی دہائیوں میں امریکی سرزمین پر نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے پہلے شامی صدر بنے۔ جمعرات کو واشنگٹن نے سلامتی کونسل کی طرف سے اپنے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں ہٹانے کے لیے ووٹنگ کی قیادت کی۔

پہلے القاعدہ سے وابستہ رہنے والے الشرع کے گروپ حیات تحریر الشام (HTS) کو حال ہی میں جولائی میں واشنگٹن نے دہشت گرد گروپ کی لسٹ سے نکال دیا تھا۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے شام کے نئے لیڈروں نے اپنے پُرتشدد ماضی کو چھوڑ کر ایک معتدل تصویر پیش کرنے کی کوشش کی ہے جو عام شامیوں اور غیر ملکی طاقتوں کے لیے زیادہ قابل برداشت ہے۔

انٹرنیشنل کرائسز گروپ یو ایس پروگرام کے ڈائریکٹر مائیکل ہانا نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کا دورہ "نئے شام کے لیے امریکی عزم کا مزید ثبوت ہے اور ملک کے نئے رہنما کے لیے ایک انتہائی علامتی لمحہ ہے، جو اس طرح عسکریت پسند رہنما سے عالمی سیاست دان بننے کی حیران کن تبدیلی میں ایک اور قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔"

توقع ہے کہ الشرع امریکہ سے شام کے لیے فنڈز کا مطالبہ کریں گے، جسے 13 سال کی وحشیانہ خانہ جنگی کے بعد تعمیر نو میں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ اکتوبر میں، ورلڈ بینک نے شام کی تعمیر نو کی لاگت کا "کم از کم تخمینہ" 216 بلین ڈالر لگایا تھا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha